ننکانہ صاحب: (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف احسان اللہ ایاز) متوقع فلڈ سیزن 2026 کے پیشِ نظر ہیڈ بلوکی، دریائے راوی کے مقام پر تیسری پری فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مشق سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی محمد تسلیم اختر راؤ کی زیرِ سرپرستی منعقد ہوئی، جبکہ اس کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کی۔
موک ایکسرسائز میں ریسکیو 1122، محکمہ صحت، پولیس، لائیو سٹاک، زراعت، سول ڈیفنس، پیرا فورس، میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب، سوشل ویلفیئر، ایجوکیشن، محکمہ انہار سمیت مختلف سرکاری اداروں اور این جی اوز نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف اداروں کی جانب سے معلوماتی، آگاہی اور ریلیف کیمپس قائم کیے گئے جہاں متعلقہ افسران نے اپنے محکموں کی تیاریوں اور دستیاب وسائل کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے تمام کیمپس کا دورہ کیا اور سیلابی صورتحال میں استعمال ہونے والے ریسکیو و ریلیف آلات کا معائنہ کیا۔ اس دوران ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے دریائے راوی کے حساس مقامات، ممکنہ خطرات اور فلڈ سیزن کے دوران قائم کیے جانے والے ریسکیو اینڈ ریلیف کیمپس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
فرضی مشقوں کے دوران پاکستانی پرچم تھامے واٹر ریسکیو ٹیموں نے کشتیوں کے ذریعے مہمانوں کو سلامی پیش کی۔ پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کی جانب سے ارلی وارننگ سسٹم کی فعالیت، ہنگامی انخلاء، ڈوبنے والے افراد کو بچانے، لاپتہ افراد کی تلاش، گھریلو سامان اور مویشیوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے سمیت مختلف عملی مظاہرے پیش کیے گئے۔ اس کے علاوہ دیگر اداروں کے فلڈ فائیٹنگ آلات اور مشینری کی فعالیت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کہا کہ ان فرضی مشقوں کا بنیادی مقصد ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اداروں کی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانا، فلڈ فائیٹنگ آلات کی مینٹیننس اور فعالیت کو جانچنا اور مختلف محکموں کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون کو بہتر بنانا ہے تاکہ دریائی یا اربن فلڈنگ کی صورت میں عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع کونسل کے زیرِ استعمال 8.5 فٹ چوڑا اور 11 فٹ لمبا بیڑا ریسکیو 1122 کو فراہم کرنے کی تجویز دی گئی تاکہ سیلاب کی صورت میں شہریوں اور ان کے سامان کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا جا سکے۔ اس پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے فوری طور پر مذکورہ بیڑا ریسکیو 1122 کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے ریسکیو 1122 کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں "ننکانہ صاحب کا ہیرو” قرار دیا۔ انہوں نے مون سون اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو عوام کی بروقت امداد کے لیے احساسِ ذمہ داری کے ساتھ کام کرنے اور مؤثر کوارڈینیشن برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ برس دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے باوجود ضلع ننکانہ صاحب میں کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، جو اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور متعلقہ اداروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کا ثمر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں سال بھی تمام ادارے اسی جذبے اور تیاری کے ساتھ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔