قصور میں ون ویلرز کا راج، شہری شدید خوف و ہراس کا شکار

قصور ( کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو) قصور شہر کی مین شاہراہیں ون ویلرز کے رحم و کرم پر ہو گئیں، جس کے باعث مقامی شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ گنڈا سنگھ روڈ اور قصور بائی پاس پر نوجوانوں کی جانب سے خطرناک ون ویلنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جو روزانہ سرعام موت کا کھیل کھیلتے نظر آتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق منچلے نوجوان موٹر سائیکلوں پر انتہائی خطرناک کرتب دکھا کر نہ صرف اپنی زندگیوں کو داؤ پر لگا رہے ہیں بلکہ سڑکوں پر چلنے والے دیگر مسافروں کی جانوں کے لیے بھی شدید خطرہ بن چکے ہیں۔ اس سنگین صورتحال کے باوجود متعلقہ پولیس اس جان لیوا رجحان کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتی ہے۔

مقامی شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ متعدد بار شکایات درج کروانے کے باوجود پولیس کی جانب سے ون ویلنگ کرنے والے عناصر کے خلاف کوئی مؤثر یا خاطر خواہ کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ پولیس کی اس مبینہ غفلت اور لاپروائی کے باعث شہر میں ٹریفک حادثات کے خطرات روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر سفر کرنے والے خاندان، بزرگ اور بچے خود کو بالکل غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ ون ویلرز کے گروہ کھلے عام قانون کی دھجیاں اڑاتے ہیں اور حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ان منچلوں کی شکلیں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں، مگر پھر بھی قانون حرکت میں نہیں آ رہا۔

قصور کے غیور شہریوں نے آئی جی پنجاب اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی اہم شاہراہوں پر ون ویلنگ کے اس خطرناک کھیل کا فوری نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جائے تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے