کالعدم ایکشن کمیٹی عوامی حقوق کی آڑ میں غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے؛ سردار عتیق و دیگر کی پریس کانفرنس

مظفر آباد (کیو این این ورلڈ) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی رہنما نبیلہ ایوب سمیت دیگر سیاسی قیادت نے اسلام آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں بعض عناصر کی جانب سے عوام کو ریاستِ پاکستان کے خلاف اکسایا جا رہا ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، جبکہ پاک فوج میں بغاوت کی بات کرنے والوں کو سرعام پھانسی دی جائے۔ کشمیری رہنماؤں نے واضح کیا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی عوامی حقوق کی آڑ میں کسی اور ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، تاہم شرپسند گروہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام کے درمیان محبت کے تاریخی رشتے کو کبھی ختم نہیں کر سکتا۔ پریس کانفرنس کے دوران ایک خصوصی ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں سیکیورٹی اہلکاروں پر تشدد اور ریاست مخالف بیانیے کے ثبوت پیش کیے گئے۔

سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام انتہائی محب وطن ہیں اور ان کا پاک فوج کے ساتھ رشتہ قیامِ پاکستان سے بھی پہلے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ کشمیریوں پر بھرپور اعتماد کیا اور انتہائی حساس علاقوں کی ذمہ داری ان کے سپرد کی، جو اس گہرے تعلق کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کشیدگی سے عوام میں بے چینی بڑھ رہی ہے، حکومتِ پاکستان نے ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن جرائم کا ارتکاب کرنے والے قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج اپنے مضبوط نظم و ضبط کی بدولت ایک منظم ادارہ ہے جس کی مسلح افواج حرمین شریفین کے دفاع میں بھی اپنا اعزازی کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ پاکستان کی معیشت آج دنیا کی بڑی طاقتوں کو ملک کی اہمیت تسلیم کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔

اس موقع پر صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کا خیال رکھا اور انہیں پاکستان کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں سستا آٹا اور بجلی فراہم کی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے 99 فیصد لوگ آج بھی پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور محب وطن ہیں، جبکہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے انتشار پسند عناصر نے ہسپتالوں تک کو نشانہ بنایا اور پاک فوج میں خدمات انجام دینے والے کشمیریوں کو بغاوت پر اکسانے کی مذموم کوشش کی جو انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما نبیلہ ایوب نے بھی سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کا جوان ملکی سرحدوں کا محافظ ہے اور بغاوت کا مطالبہ کرنے والوں کو جان لینا چاہیے کہ ریاست کسی سے رعایت نہیں کرے گی۔ چند گنے چنے لوگ پاکستان مخالف ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں جن سے کشمیری عوام کا کوئی تعلق نہیں، اور ایسے عناصر کو خود کو فوری طور پر الگ کر لینا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے