گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی خصوصی ہدایات پر گھوٹکی پولیس نے روپوش، اشتہاری اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اسی سلسلے میں تھانہ اوباڑو پولیس نے دورانِ گشت خفیہ اطلاع پر ایک بڑی اور کامیاب کارروائی عمل میں لائی ہے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران تھانہ اوباڑو میں درج مقدمہ نمبر 120/2026 دفعہ 302، 324، 147، 148، 149 ت پ کے تحت قتل کے کیس میں مطلوب دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت محمد پریل اور سونو کے ناموں سے ہوئی ہے، جو غلام حسین سومرو کے بیٹے ہیں۔
یاد رہے کہ ان گرفتار ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر رواں ماہ 9 جون 2026 کو زمین کے دیرینہ تنازع پر مختیار احمد ولد محمد علی چھجن کو بیدردی سے قتل کر دیا تھا، جس کے بعد سے وہ روپوش تھے۔ اوباڑو پولیس نے تندہی سے کارروائی کرتے ہوئے دونوں اشتہاری ملزمان کو قانون کی گرفت میں لے لیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس ترجمان کے مطابق اوباڑو پولیس کی اس بہترین اور کامیاب کارروائی پر ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی جانب سے پولیس پارٹی کے لیے شاباشی اور تعریفی پیغام بھیجا گیا ہے، جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔