اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد پٹرول کی فی لٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لٹر ہو جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خطے میں معاشی صورتحال میں بہتری اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ فوری طور پر عوام کو منتقل کیا جا رہا ہے، حکومت قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کرنے جا رہی ہے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا مکمل احساس ہے اور مشکل حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر وہ عوام کے شکر گزار ہیں، بحران کے دوران وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ اور کفایت شعاری سے حاصل ہونے والی بچت میں سے 129 ارب روپے استعمال کر کے عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے میں معاشی دباؤ کے باوجود پاکستان میں توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا، نہ کہیں ایندھن کی قلت ہوئی، نہ لمبی قطاریں لگیں اور نہ ہی فیول راشننگ کی ضرورت پیش آئی، یہ سب بہتر منصوبہ بندی اور مؤثر حکومتی اقدامات کی بدولت ممکن ہوا جبکہ وفاق اور صوبوں کے باہمی تعاون سے ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے میں مدد ملی جس پر وہ تمام وزرائے اعلیٰ کے شکر گزار ہیں۔
وزیراعظم نے مہنگائی میں مزید کمی اور معاشی استحکام کیلئے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں امن کے قیام کو پاکستان کی سفارتی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کی ثالثی کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جو ایک تاریخی دستاویز ہے اور یہ کامیابی پوری پاکستانی قوم کیلئے اعزاز ہے۔
شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور امن کوششوں میں شامل حکومتی ٹیم کی خدمات کو سراہا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے معاشی ٹیم، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور دیگر متعلقہ حکام کی کوششوں کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا۔