واقعۂ کربلا صبر، استقامت اور قربانی کی لازوال مثال ہے، سید عشرت جہانیاں بخاری

اوچ شریف (کیو این این ورلڈ): صدر پنجاب تنظیم السادات پاکستان اور سابق امیدوار قومی و صوبائی اسمبلی مخدوم دیوان سید عشرت جہانیاں بخاری نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ ہمیں حق اور سچ کی خاطر اپنی خواہشات، مفادات اور جان تک کی قربانی دینے اور ہر مشکل گھڑی میں صبر و استقامت کا دامن تھامے رکھنے کا درس دیتا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں ظالم کے سامنے ڈٹ جانے اور اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کا حوصلہ بخشتا ہے۔ محرم کا مہینہ اپنے دامن میں بے شمار اسباق سموئے ہوئے ہے اور یہ ہمیں سکھاتا ہے کہ اگر حق کے لیے اکیلے بھی کھڑا ہونا پڑے تو پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔

مخدوم دیوان سید عشرت جہانیاں بخاری نے کہا کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ نے باطل کے سامنے سر جھکانے کے بجائے قربانی کو ترجیح دی اور حق و صداقت کی سربلندی کے لیے عظیم مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ میدانِ کربلا میں اہل بیت اطہارؓ کی جانب سے بھوک، پیاس اور دیگر مصائب پر صبر و استقامت کی لازوال مثالیں ہمیں یہ سبق دیتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی رضا پر راضی رہنا ہی اصل کامیابی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ ظلم، ناانصافی اور جبر کے خلاف آواز بلند کرنے کی علامت ہے، چاہے اس کے لیے کتنی ہی بڑی قربانی کیوں نہ دینی پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں واقعۂ کربلا سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنی زندگیوں میں صبر، برداشت، حق گوئی اور انصاف کے اصولوں کو فروغ دینا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے