رینالہ خورد (نامہ نگار) نواحی گاؤں 18 ون ایل میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے بڑا نقصان ہو گیا، دو ٹریکٹر جل گئے جبکہ تین مویشی جھلس کر ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ نواحی گاؤں 18 ون ایل کے ایک رہائشی گھر کے احاطے میں پیش آیا، جہاں اچانک ایک کمرے میں آگ بھڑکی۔ ذرائع کے مطابق آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کی اور پورے احاطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ لگنے کے نتیجے میں احاطے میں کھڑے دو ٹریکٹر مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے جبکہ تین مویشی جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تقریباً دس منٹ کے اندر آگ پر قابو پا لیا، جس سے مزید بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق اگر بروقت کارروائی نہ کی جاتی تو نقصان مزید بڑھ سکتا تھا، تاہم آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔