سیالکوٹ میں محرم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ، کمشنر گوجرانوالہ کا دورہ

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ) محمد علی نے ضلع سیالکوٹ کا تفصیلی دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے محرم الحرام کے انتظامات، پری فلڈ اقدامات، صحت عامہ کی سہولیات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے آغاز میں کمشنر محمد علی نے ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈسکہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایمرجنسی، او پی ڈی، وارڈز، فارمیسی اور لیبارٹری سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے عملے کی حاضری بھی چیک کی اور متعلقہ سٹاف کو ڈیوٹی اوقات میں اپنی موجودگی یقینی بنانے کی سخت ہدایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

بعد ازاں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے مرکزی امام بارگاہ اڈہ پسروریاں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے انتظامات کے حوالے سے منتظمین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ رانا صفدر شبیر، ایم ڈی واسا فیصل شہزاد اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

کمشنر محمد علی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس پر پیچ ورک، اسٹریٹ لائٹس، بیک اپ جنریٹرز، صفائی ستھرائی، سینی ٹیشن، ٹریفک ڈائی ورژن اور پارکنگ سمیت تمام سہولیات بروقت مکمل کی جائیں۔

بعد ازاں انہوں نے کشمیر روڈ پر نالہ بھیڈ اور نالہ ایک اراضی یعقوب کا معائنہ کرتے ہوئے پری فلڈ انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نالہ بھیڈ کی ڈی سلٹنگ کا کام جاری ہے جبکہ واسا کے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز اور ڈی واٹرنگ سیٹس مکمل طور پر فعال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں نالوں کی صفائی اور ڈی سلٹنگ کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے تاکہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے روڈس روڈ پر جاری پی ایس ای پی پراجیکٹ، بیوٹیفیکیشن آف اقبال روڈ اینڈ الائیڈ بازار پراجیکٹ اور اقبال لائبریری پیرس روڈ کی اپ گریڈیشن و امپروومنٹ سکیم کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور رفتار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

بعد ازاں کمشنر محمد علی نے ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم برائے محرم الحرام کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، صفائی، ٹریفک اور دیگر انتظامی امور میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام محکمے مکمل الرٹ رہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے