قصور: 18 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد، 7 بدنام زمانہ منشیات فروش گرفتار

قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو) ضلع قصور میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 7 بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے بڑی مقدار میں آئس، ہیروئن اور چرس برآمد کر لی۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی پتوکی پولیس نے ایس ایچ او محمد اشفاق کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش دیال اور ریاض کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی ایک کلوگرام آئس اور تقریباً دو کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان خفیہ اداروں کی فہرست میں شامل تھے اور پتوکی و گردونواح میں نوجوان نسل کو منشیات فراہم کر رہے تھے۔

دوسری جانب تھانہ صدر پتوکی پولیس نے ایس ایچ او معروف خان کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے ساجد اقبال اور مقصود عرف سودی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک کلوگرام ہیروئن اور ڈیڑھ کلوگرام چرس برآمد کی۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان بھی خفیہ اداروں کی نگرانی میں تھے اور علاقے میں منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث تھے۔

ادھر تھانہ مصطفیٰ آباد پولیس نے ایس ایچ او محمد ادریس چدھڑ کی سربراہی میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات کے بڑے ڈیلر علی رضا ولد سعید بھٹی سکنہ ستوکی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو دفتوہ پل کے قریب چرس سپلائی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 11 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ ملزم کے خلاف امتناعِ منشیات کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں تھانہ صدر قصور پولیس نے ایس ایچ او ذوالفقار بھٹی کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش محسن کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک کلوگرام سے زائد ہیروئن برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم صدر قصور اور گردونواح میں منشیات فروخت کر کے نوجوان نسل کو تباہ کر رہا تھا۔

ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے