امریکا ایران تاریخی معاہدہ 19 جون کو ہوگا، وزیر اعظم شہباز شریف سوئٹزرلینڈ روانہ ہوں گے

جنیوا(کیو این این ورلڈ) ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا مقام تبدیل کر دیا گیا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین اس تاریخی امن معاہدے پر دستخط اب جنیوا کے بجائے برجن اسٹاک میں 19 جون کو ہوں گے۔ سوئٹزر لینڈ کی وزارت خارجہ کے مطابق یہ نیا مقام وسطی سوئٹزرلینڈ میں لوسرن کے قریب واقع ہے، جو اپنے دشوار گزار جغرافیے کے باعث سکیورٹی کے حوالے سے انتہائی موزوں اور محفوظ سمجھا جاتا ہے۔ سوئس وزارتِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ اس مقام کی تجویز پاکستانی اور قطری ثالثوں کے ساتھ ساتھ خود امریکا اور ایران کی جانب سے بھی دی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق اس تاریخی امن معاہدے کی تقریب پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہوگی۔ تقریب میں شرکت کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف جمعرات کو سوئٹزرلینڈ کے لیے روانہ ہوں گے، جبکہ نائب وزیر اعظم اور دیگر وفاقی وزرا بھی وزیر اعظم کے ہمراہ وفد میں شامل ہوں گے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریب میں ایرانی وفد کی قیادت پارلیمانی اسپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار باقر قالیباف کریں گے جو خصوصی طور پر اس دستخطی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔

اس اہم ترین عالمی پیش رفت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی تقریب میں شرکت کا اشارہ دے چکے ہیں۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے وہ خود بھی اس تقریب میں جائیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ نائب صدر جے ڈی وینس دستخط کی تقریب کے لیے لازمی جائیں گے۔ قطری وزارت خارجہ نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قطر، پاکستان کی قیادت میں ثالثی کا حصہ بن کر اس پورے مذاکراتی عمل میں فعال رہا ہے۔ امریکا ایران ڈیل پر دستخط کی اس باوقار تقریب میں قطر کی اعلیٰ سطح کی نمائندگی موجود ہوگی، جبکہ پاکستانی ثالث، فریقین اور دیگر اہم علاقائی ممالک کے نمائندے بھی اس موقع پر شرکت کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے