اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے اور قیمتیں مسلسل گراوٹ کے بعد گزشتہ 3 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ گزشتہ روز بھی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا جس سے مارکیٹ میں مندی کے بادل گہرے ہو گئے ہیں۔
بین الاقوامی مارکیٹ کے ذرائع کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ معاہدے کے بعد سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ اس معاہدے کے بعد سپلائی کی صورتحال بہتر ہونے کی توقعات نے قیمتوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔
تازہ ترین کاروباری سیشن کے دوران عالمی منڈی میں برطانوی خام تیل (برینٹ کروڈ) کی قیمت میں 3.20 ڈالر کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد برطانوی خام تیل کی قیمت کم ہو کر 79 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے۔
اسی طرح امریکی خام تیل (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں بھی کاروباری روز کے دوران 2.86 ڈالر کی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جس کے بعد امریکی مارکیٹ میں خام تیل 77 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ دوسری جانب یو اے ای کے مربن خام تیل کی قیمت بھی اس وقت 72 ڈالر فی بیرل کی سطح پر موجود ہے۔