گوجرانوالہ: ریجنل آفیسر پنجاب ہائی وے پٹرول کا پوسٹ وزٹ، افسران میں تعریفی اسناد تقسیم

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی) ریجنل آفیسر پنجاب ہائی وے پٹرول گوجرانوالہ ریجن میاں معظم علی نے 15 جون 2026 کو دوپہر 2 بجے پی ایچ پی پولیس پوسٹ کھوئی سٹاپ کا تفصیلی دورہ کیا۔

دورے کے موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر سیالکوٹ طارق محمود نے انچارج اور ریڈر کے ہمراہ ریجنل آفیسر کا استقبال کیا۔ بعد ازاں ریجنل آفیسر نے افسران و اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں معظم علی نے افسران کو ریجن بھر میں بہترین کارکردگی دکھانے اور فرسٹ آنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اہم ذمہ داریاں سونپی ہیں اور ہمارا فرض ہے کہ ہم اختیار کو عوامی خدمت اور انصاف کے فروغ کے لیے استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ہائی وے پٹرول کا بنیادی مقصد سڑکوں پر عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے، اور تمام افسران و اہلکار خلوص نیت، دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو بلاوجہ تنگ کرنا یا کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔

ریجنل آفیسر نے سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن اور رشوت ستانی کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، اور کسی بھی شکایت پر فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے حالیہ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چوکی ساروکی میں ایک کوسٹر کو روک کر مبینہ طور پر رشوت لینے کے الزام پر انچارج پوسٹ سمیت پانچ اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے اور انکوائری جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کی ساکھ عوامی اعتماد سے جڑی ہوئی ہے، اس لیے ایمانداری سے فرائض کی ادائیگی ہی اصل کامیابی ہے، ورنہ ادارے کا امیج متاثر ہوتا ہے۔

ریجنل آفیسر نے مزید کہا کہ اگر کسی پوسٹ کو کسی قسم کی سہولت یا وسائل کی ضرورت ہو تو وہ درخواست دیں تاکہ سرکاری خزانے سے ضروری انتظامات کیے جا سکیں۔

دورے کے اختتام پر گلگت بلتستان الیکشن ڈیوٹی سے واپسی پر زخمی ہونے والے افسران و جوانوں کی جلد صحتیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے