عوامی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف کارروائی، غیر قانونی ایل پی جی شاپس پر بھاری جرمانے

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر اوکاڑہ میں غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ شاپس کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 4 دکانوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ مالکان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی زیر نگرانی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ایل پی جی شاپس کے خلاف ایکشن لیا۔ کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر گیس ری فلنگ کرنے والی 4 دکانیں موقع پر سیل کر دی گئیں۔

سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ عوامی جان و مال کے لیے انتہائی خطرناک عمل ہے، جس کے باعث کسی بھی وقت جان لیوا حادثات رونما ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آباد علاقوں اور مصروف بازاروں میں گیس کی غیر قانونی بھرائی کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوامی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ایل پی جی شاپس مالکان کو خبردار کیا کہ غیر قانونی کاروبار سے باز رہیں، بصورت دیگر دکانیں سیل کرنے کے ساتھ بھاری جرمانوں اور قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے