ڈیرہ غازی خان (کیو این کے ورلڈ) تونسہ شریف کے علاقے وہوا میں دہشتگردوں نے جھنگی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں پنجاب پولیس کے دو جوان جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں تین دہشتگرد مارے گئے۔ واقعے کے بعد فورسز نے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ذرائع اور سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق، دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی جھنگی چیک پوسٹ کے مرکزی گیٹ سے ٹکرا دی۔ اس شدید دھماکے کے نتیجے میں چیک پوسٹ کا مرکزی گیٹ اور حفاظتی دیوار مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جبکہ دھماکے کی شدت سے قریبی آبادی لرز اٹھی جس کے باعث کئی کچے مکانات کو نقصان پہنچا اور بعض شہریوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق، بارود سے بھری گاڑی ٹکرانے کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے، جن میں سے بعد ازاں دو جوانوں کی شہادت کی تصدیق ہو گئی۔ سکیورٹی فورسز نے موقع پر فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے خودکش حملے کو ناکام بنایا اور فائرنگ کے تبادلے میں تینوں حملہ آور دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب، اس افسوسناک واقعے پر سرکاری طور پر تاحال کوئی تفصیلی معلومات دستیاب نہیں ہو سکیں اور نہ ہی پولیس ترجمان کی طرف سے اب تک کوئی باقاعدہ پریس ریلیز جاری کی گئی ہے۔ تاہم، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب محمد حنیف خان پتافی نے وہوا میں جھنگی چیک پوسٹ پر ہونے والے اس خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے اور شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔