صادق آباد ریلوے اسٹیشن پر ہزارہ ایکسپریس حادثے کا شکار، پاور پلانٹ میں آگ لگنے سے ٹرینوں کی آمد و رفت معطل

صادق آباد (کیو این این ورلڈ) کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی ایک بوگی میں اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔ یہ افسوسناک واقعہ رحیم یار خان کی حدود میں واقع صادق آباد ریلوے اسٹیشن پر اس وقت پیش آیا جب ٹرین لاہور اور راولپنڈی کی طرف گامزن تھی کہ اچانک ٹرین کے آخری حصے میں موجود پاور پلانٹ اور جنریٹر والے ڈبے سے آگ کے شدید شعلے بلند ہونے لگے۔ آگ اتنی شدید تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بوگی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث ٹرین کے اندر سوار مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور انہوں نے جانیں بچانے کے لیے کھڑکیوں سے چھلانگیں لگانا شروع کر دیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی ریلوے انتظامیہ، ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے سخت جدوجہد کے بعد بوگی میں لگی آگ پر مکمل قابو پا لیا جبکہ متاثرہ حصے میں کولنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس ہنگامی آپریشن کے دوران اسٹیشن پر موجود قریبی لوگوں اور مسافروں کی مدد سے خواتین اور بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور خوش قسمتی سے واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان یا کسی مسافر کے زخمی ہونے کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے، تمام مسافروں اور ان کے سامان کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔

ریلوے حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ سے متاثرہ پاور پلانٹ والی بوگی کو ٹرین کے دیگر حصوں سے الگ کر دیا تاکہ آگ مزید نہ پھیلے اور بڑا نقصان نہ ہو۔ اس ہنگامی ریسکیو آپریشن کے دوران اپ اور ڈاؤن ٹریک پر آنے جانے والی دیگر تمام ٹرینوں کو پیچھے مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا تھا تاکہ امدادی کاموں میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ اس دوران صادق آباد ریلوے اسٹیشن کے تمام اعلیٰ افسران اور انتظامیہ کے اہلکار بھی موقع پر موجود رہے۔

صادق آباد کے ریلوے اسٹیشن ماسٹر کا کہنا ہے کہ ہماری پہلی ترجیح تمام مسافروں کی جانوں کو محفوظ بنانا اور آگ پر مکمل قابو پانا تھا جو کہ بحمد اللہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ ٹرین میں آگ لگنے کی وجوہات کے حوالے سے ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ریلوے کی ٹیکنیکل ٹیم اس بات کا باریک بینی سے تعین کر رہی ہے کہ آیا آگ جنریٹر میں کسی اچانک فنی خرابی اور شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی یا پھر کسی مسافر کی جانب سے بوگی کے اندر گیس سلنڈر استعمال کرنے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے