اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی نے گول چوک کا دورہ کرتے ہوئے محرم الحرام کے سلسلے میں جاری ترقیاتی اور بلدیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے گول چوک اور اس کے اطراف کے علاقوں کا معائنہ کیا اور محرم الحرام کے دوران جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے مقامات پر جاری کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سڑکوں پر ٹف ٹائل کی تنصیب، سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔
احمد سلیم چشتی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل تمام ترقیاتی اور مرمتی کام ہر صورت مکمل کیے جائیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے واٹر سپلائی اور سیوریج سسٹم کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جلوسوں کے راستوں پر پانی کھڑا ہونے یا گندگی کی شکایات ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی۔
انہوں نے سکیورٹی اور بلدیاتی انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے تمام محکموں کو باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔