سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ) سیلابی صورتحال سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 سیالکوٹ نے ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے نہر اپر چناب میں موترہ کے مقام پر تیسری فل ڈریس فرضی مشق کا انعقاد کیا۔ مشق کا مقصد ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران اداروں کی تیاریوں، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور باہمی رابطہ کاری کا عملی جائزہ لینا تھا۔
ڈی سی سیالکوٹ صباء اصغر اور پی ڈی ایم اے کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیر نگرانی منعقد ہونے والی اس مشق میں ضلع کے تمام متعلقہ اداروں نے بھرپور شرکت کی۔ ریسکیو 1122، محکمہ صحت، ٹی ایم اے سیالکوٹ، واسا، سول ڈیفنس، میونسپل کمیٹی ڈسکہ و سمبڑیال، محکمہ انہار، لائیو سٹاک اور مختلف سماجی تنظیموں نے اپنے اپنے سٹالز قائم کیے اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دستیاب آلات اور وسائل کی نمائش کی۔
فرضی مشق میں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کے ساتھ ریسکیو سکاؤٹس نے بھی عملی حصہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ملک عباس ذوالقرنین، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے مشق کا تفصیلی جائزہ لیا اور مختلف اداروں کے سٹالز کا دورہ کرکے تیاریوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر سماجی رہنماؤں اشفاق نذر، عبدالشکور سمیت ینگ بلڈ، نیکی فاؤنڈیشن، پیغام ویلفیئر، تحفظ مقدس، اوک فاؤنڈیشن اور الفجر ویلفیئر جیسی فلاحی تنظیموں نے بھی شرکت کی اور ہنگامی حالات میں عوامی خدمت کے لیے اپنی تیاریوں کا اظہار کیا۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے سیلاب کے دوران امدادی کارروائیوں کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔ مشق میں ابتدائی طبی امداد کے فیلڈ کیمپ کا قیام، سیلاب میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، ریسکیو آپریشنز اور پانی میں ڈوبنے والے افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کی مشق بھی شامل تھی، جسے شرکاء نے سراہا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ملک عباس ذوالقرنین نے اس موقع پر کہا کہ یہ ضلع کی تیسری فل ڈریس فرضی مشق تھی جس کا مقصد ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جانچنے کے ساتھ ساتھ دستیاب آلات کی آپریشنل استعداد کا جائزہ لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مشقوں سے مختلف اداروں کے درمیان بہتر رابطہ اور تعاون کو فروغ ملتا ہے، جس سے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو فوری اور مؤثر ریلیف فراہم کرنا ممکن ہوتا ہے۔
انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کی تیاریوں کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کہا کہ ریسکیو 1122 ہر قسم کی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔