ڈی جی خان: امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ متحرک، جلوس کے روٹس کا معائنہ

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ /) ضلعی انتظامیہ ڈیرہ غازی خان محرم الحرام کے دوران امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہو گئی ہے، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے ڈی پی او صادق بلوچ کے ہمراہ رات گئے چوٹی زیریں کا ایک اہم اور تفصیلی دورہ کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ حافظ عمر سعید، مجالس و جلوس کے منتظمین، لائسنس ہولڈرز، متعلقہ محکموں کے افسران اور مقامی عمائدین کی بڑی تعداد بھی ضلعی سربراہان کے ہمراہ موجود تھی۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے محرم الحرام کے دوران منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے روٹس کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور منتظمین سے ملاقاتیں کیں، جبکہ افسران کو سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے موقع پر ہی بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے متعلقہ حکام کو سخت ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں اور تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) صادق بلوچ نے سکیورٹی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس امن و امان کے قیام کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے اور مجالس و جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے وضع کردہ جامع پلان پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے تاکہ کوئی شر پسند عنصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے