رینالہ خورد (نامہ نگار لیاقت علی) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی پاپڑ، غیر معیاری قلفیوں اور بیکری آئٹمز تیار کرنے والے 3 فوڈ یونٹس کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 600 کلوگرام فنگس زدہ پلپ تلف کر دیا جبکہ 400 کلوگرام جعلی پیکنگ میٹریل ضبط کر لیا۔ مختلف خلاف ورزیوں پر ذمہ داران کو مجموعی طور پر 8 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے رینالہ خورد ویلکم روڈ، اختر آباد اور دیپالپور بائی پاس پر قائم 3 فوڈ یونٹس کی چیکنگ کی۔ کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ بچوں کے استعمال کی مختلف اشیا آلودہ اور انتہائی ناقص ماحول میں تیار کی جا رہی تھیں۔
معائنے کے دوران فنگس زدہ اور بدبودار پلپ گندے اور کیمیکل زدہ ڈرموں میں ذخیرہ کیا گیا تھا۔ ٹافی، جام اور جیلی سیکشن میں حشرات کی موجودگی، گندگی اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے، جبکہ پروڈکشن ایریا میں بھی حشرات کی بھرمار تھی۔ مزید برآں ورکرز کی ذاتی صفائی کا بھی خیال نہیں رکھا جا رہا تھا۔
فوڈ سیفٹی ٹیموں نے موقع سے مختلف مصنوعات کے نمونے حاصل کرکے مزید تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں تاکہ معیار اور صحت کے اصولوں کی مزید جانچ کی جا سکے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ بچوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب کے شہریوں کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔