ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اوکاڑہ میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں، دکانداروں کو وارننگ

اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر محمد بن علی تجاوزات کے خلاف فیلڈ میں متحرک ہوگئے۔ انسداد تجاوزات مہم کے تحت اکبر روڈ اور گول چوک سے ملحقہ بازاروں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔

اس موقع پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر نے دکانداروں اور تاجروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے کاروبار کو مقررہ حدود کے اندر رہتے ہوئے چلائیں اور سڑکوں یا فٹ پاتھوں پر تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں۔

محمد بن علی نے مختلف بازاروں کے دورے کے دوران کہا کہ تجاوزات شہریوں کی آمدورفت میں مشکلات پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کو بھی متاثر کرتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کی خوبصورتی اور عوامی سہولت کے لیے انسداد تجاوزات مہم مسلسل جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقررہ حدود سے تجاوز کرنے والے دکانداروں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر نے دکانداروں پر زور دیا کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور تجاوزات کے خاتمے میں مثبت کردار ادا کریں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں آسانی اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے