اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایت پر سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کسٹمز حکام کے ہمراہ ضلع کے متعدد پٹرول پمپس کی اچانک چیکنگ کی ہے۔ اس مشترکہ کارروائی کے دوران پٹرول پمپس کے قانونی ریکارڈ، بالخصوص "کے” فارم (K-Form)، این او سیز اور دیگر ضروری حفاظتی دستاویزات کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی گئی، جس پر پمپس مالکان نے موقع پر مطلوبہ قانونی کاغذات اور حفاظتی سرٹیفکیٹس پیش کیے۔
سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول پمپس پر "کے” فارم کی موجودگی اور تمام تر حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد قانوناً لازمی ہے، اس لیے جو پمپس مالکان مقررہ وقت کے اندر اپنے مکمل کاغذات پیش نہیں کریں گے ان کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے اور انہیں کاروبار کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں پٹرول پمپس کی انسپیکشن کا یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا، اور آئندہ کاغذات کی عدم فراہمی یا قانون کی خلاف ورزی پر پٹرول پمپس کے مالکان کو بھاری جرمانے کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے پٹرول پمپس کو فوری طور پر سیل کر دیا جائے گا۔