گلگت بلتستان الیکشن: پیپلزپارٹی 9 نشستوں کے ساتھ سبقت میں، آزاد امیدوار بھی مضبوط

گلگت بلتستان (کیو این این ورلڈ) گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 24 میں سے 18 نشستوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آچکے ہیں۔ ابتدائی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی 9 نشستیں جیت کر سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، جبکہ 6 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) صرف 2 نشستیں حاصل کر سکی ہے جبکہ مجلس وحدت المسلمین ایک نشست اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

اب تک کے نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی نے جی بی اے 4، 7، 9، 10، 12 اور دیگر حلقوں میں کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ ن لیگ نے گھانچے کے حلقہ جی بی اے 22 سمیت دو نشستیں جیتی ہیں۔ مجلس وحدت المسلمین نے اسکردو کے حلقہ جی بی اے 8 میں کامیابی حاصل کی، جبکہ گھانچے اور گلگت کے متعدد حلقوں میں آزاد امیدوار میدان مارنے میں کامیاب رہے۔

دوسری جانب کئی حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے جہاں ن لیگ، پیپلزپارٹی، آزاد امیدواروں اور دیگر جماعتوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ غیر حتمی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیپلزپارٹی کو واضح برتری حاصل ہے، تاہم حکومت سازی کی حتمی تصویر تمام 24 نشستوں کے نتائج مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد میں کامیابی آئندہ حکومت سازی کے عمل میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہے، جبکہ وفاق اور پنجاب میں حکمران مسلم لیگ (ن) کی اب تک کی کارکردگی توقعات سے کم دکھائی دے رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے