گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ /بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان مختلف مقامات پر ہونے والے 3 مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 5 ریکارڈ یافتہ خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے ان واقعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈویژنل ایس پیز سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلا پولیس مقابلہ تھانہ واہنڈو کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ڈکیتی، راہزنی، چوری اور واردات کے دوران شہری کو قتل کرنے جیسی درجنوں سنگین وارداتوں میں ملوث 2 بین الاضلاعی ڈاکو اپنے ہی فرار ہونے والے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ملزمان کی شناخت محمد شہزاد اور عابد علی کے نام سے ہوئی ہے، جو گوجرانوالہ، قصور اور ضلع ننکانہ صاحب میں 30 سے زائد سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور چھینا گیا موٹر سائیکل برآمد کر لیا ہے، جبکہ ان کے 2 نامعلوم ہمراہی ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
دوسرا مقابلہ تھانہ گکھڑ منڈی کے علاقے میں اس وقت ہوا جب ناکہ پر موجود پولیس پارٹی پر کارروائی کے دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اس دوران 2 ڈاکو اپنے ہی مفرور ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت امیر حمزہ اور ندیم مسیح کے نام سے ہوئی ہے، جو بینکوں سے کیش لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے، ڈکیتی اور چوری کی 25 سے زائد سنگین وارداتوں میں گوجرانوالہ اور لاہور پولیس کو مطلوب تھے۔ ملزمان کے قبضے سے بھی ناجائز اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر کے فرار ہونے والے 2 نامعلوم ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
تیسرا مقابلہ تھانہ گرجاکھ کی حدود میں ہوا، جہاں ڈکیتی، راہزنی اور سی سی ڈی (CCD) گوجرانوالہ پولیس کے ساتھ مقابلے کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب خطرناک ڈاکو صلاح الدین عرف کاکو پولیس پارٹی پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ اپنے ہی 3 مفرور ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر مارا گیا۔ ترجمان ضلعی پولیس گوجرانوالہ کے مطابق تمام مقابلوں کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے متعلقہ ایس ڈی پی اوز کی زیرِ نگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور شہر بھر میں سخت ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن جاری ہے۔ اس موقع پر سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا کہنا تھا کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کی تشکیل کے لیے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کی بیخ کنی ناگزیر ہے۔