اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف موٹروے انٹرچینج کے ریسٹ ایریا میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں باجوڑ سے کراچی جانے والی ایک مسافر بس بے قابو ہو کر ہوٹل کے باہر چارپائیوں پر بیٹھے افراد پر چڑھ دوڑی۔ حادثے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر بس اپنے عملے اور مسافروں کے ہمراہ ریسٹ ایریا میں کھانا کھانے کے لیے رکی ہوئی تھی۔ کھانا کھانے کے بعد بس کو دوبارہ روانگی کے لیے سیدھا کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی کہ اسی دوران ایک ناتجربہ کار کنڈکٹر نے بس کو گیر میں ڈال دیا۔ بس اچانک حرکت میں آئی تو کنڈکٹر گھبرا گیا اور بریک لگانے کے بجائے غلطی سے ایکسیلیٹر (ریس) پر پاؤں رکھ دیا، جس کے باعث بس تیزی سے بے قابو ہو گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق بس سامنے موجود ہوٹل کے باہر چارپائیوں پر بیٹھے افراد کو کچلتی ہوئی آگے بڑھ گئی، جس سے وہاں موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 34 سالہ صادق خان ولد خان بہادر، سکنہ ضلع باجوڑ، شدید زخمی ہوئے۔ ان کے پیٹ پر انتہائی سنگین چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ریسکیو ٹیم نے ضروری کارروائی کے بعد میت کو رورل ہیلتھ سینٹر اوچ شریف منتقل کر دیا۔
حادثے میں 52 سالہ عبدالوہاب ولد منصور، سکنہ پشاور، بھی زخمی ہوئے جن کے جسم پر خراشیں اور دیگر چوٹیں آئیں۔ انہیں موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر تین افراد حادثے سے متاثر ہوئے جن میں ایک شخص جاں بحق، ایک شدید زخمی اور ایک معمولی زخمی ہوا۔ شدید زخمی شخص کو مزید علاج کے لیے نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ معمولی زخمی کو موقع پر ہی فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی۔
ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کے باعث زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور صورتحال کو قابو میں لیا گیا۔ واقعے کے بعد ریسٹ ایریا میں موجود مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ متعلقہ حکام نے حادثے کی وجوہات اور ذمہ داران کے تعین کے لیے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
