سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/شاہد ریاض کی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) دوست محمد کی زیرِ صدارت محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لائسنس ہولڈرز و منتظمین کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم بشیر، ایڈیشنل ایس پی حسیب، کوآرڈینیٹر ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر چیمہ، انچارج سیکیورٹی برانچ حافظ محمد سعید، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، امن کمیٹی کے اراکین اور جلوس و مجالس کے منتظمین نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ جلوسوں اور مجالس کے تمام روٹس پر پیچ ورک، سٹریٹ لائٹس، صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور دیگر شہری سہولیات کے بہترین انتظامات یقینی بنائے گی تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دیں گے جبکہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی حکومت کی جانب سے سبیلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) دوست محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کے منتظمین مقررہ قواعد و ضوابط اور اوقات کار کی سختی سے پابندی کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع سیالکوٹ میں روایتی شیڈول کے علاوہ کسی نئے جلوس، مجلس یا ایونٹ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جن افراد کے ضلع میں داخلے پر پابندی ہے یا جن کے خلاف زبان بندی کے احکامات موجود ہیں، انہیں کسی بھی مجلس یا جلوس میں مدعو نہ کیا جائے۔ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی، نفرت انگیز مواد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔
ڈی پی او نے کہا کہ فول پروف سیکیورٹی کے لیے تمام اقدامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ تمام منتظمین اپنے رضاکاروں کی تعیناتی اور تربیت یقینی بنائیں جبکہ خواتین کی رہنمائی کے لیے لیڈیز رضاکار بھی خدمات انجام دیں گی۔ تمام مجالس اور جلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ لازمی قرار دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کی 160 امام بارگاہوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں اور ان کی مکمل فعالیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، خصوصاً داخلی و خارجی راستوں کی مؤثر نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی سبیلوں کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی خدمت کے لیے سبیلیں قائم کی جائیں گی۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے محرم الحرام کے دوران امن، رواداری، مذہبی ہم آہنگی اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔