انٹرنیشنل کیوکشن کان کراٹے کے تحت کاتا مقابلے، کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ

لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) انٹرنیشنل کیوکشن کان کراٹے پاکستان کے زیر اہتمام لنڈی ٹریننگ اکیڈمی میں انٹرکلبز کاتا مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوان مارشل آرٹس کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیتے ہوئے اپنی مہارت، جسمانی فٹنس اور نظم و ضبط کا شاندار مظاہرہ کیا۔

مقابلوں کی نگرانی انٹرنیشنل کیوکشن کان کراٹے پاکستان کے برانچ چیف حیات نذیر شینواری اور سینئر مارشل آرٹس انسٹرکٹر نور اسلم شینواری نے کی۔ مختلف کیٹیگریز میں کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

گروپ کاتا مقابلوں میں نگار نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ علی رحمان شینواری دوسرے اور آصف تیسرے نمبر پر رہے۔ سنگل کاتا مقابلوں میں حماد شینواری نے پہلی، تحسین اللہ شینواری نے دوسری جبکہ حسن علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تقریب کے اختتام پر انعامات کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما شاہ حسین شینواری تھے۔ انہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور اسناد تقسیم کیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاہ حسین شینواری نے کہا کہ کراٹے ذہنی اور جسمانی تربیت کا حسین امتزاج ہے اور یہ نوجوان نسل کے لیے ایک بہترین کھیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارشل آرٹس نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے، خود اعتمادی بڑھانے اور صحت مند معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراٹے کھلاڑی قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور وہ ان کے مسائل متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائیں گے تاکہ ان کی مشکلات حل کی جا سکیں۔ انہوں نے منتظمین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر حیات نذیر شینواری اور شاہ حسین شینواری نے بہترین کوریج اور مثبت رپورٹنگ پر ڈسٹرکٹ پریس کلب لنڈی کوتل کے سینئر صحافی نصیب شاہ شینواری کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔

تقریب میں کھلاڑیوں، والدین اور مارشل آرٹس سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کامیاب کھلاڑیوں کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی۔ ریفری کے فرائض بلیک بیلٹ سیکنڈ ڈان اسد شینواری نے انجام دیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے