فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، غیر معیاری ڈیری مصنوعات برآمد، فیکٹری کی پروڈکشن بند

رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار)ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے احکامات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے رینالہ خورد میں ملاوٹی ڈیری مصنوعات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ڈیری مینوفیکچرنگ یونٹ کی پروڈکشن بند کر دی جبکہ مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کرا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے جی ٹی روڈ رینالہ خورد پر قائم ایک ڈیری مینوفیکچرنگ یونٹ پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران دو من ملاوٹی ڈیری کریم اور مکھن برآمد ہونے پر موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ فوڈ سیفٹی حکام نے یونٹ کی پیداوار فوری طور پر بند کرتے ہوئے مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے بتایا کہ لیبارٹری تجزیے میں کریم اور مکھن میں غیر معیاری اور ملاوٹی اجزاء کی موجودگی ثابت ہوئی، جس کے بعد قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ناقص اور مضر صحت خوراک عوام کی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے، اس لیے غذائیت کی کمی اور ملاوٹ کے باعث مذکورہ مصنوعات کو تلف کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور صوبہ بھر میں فوڈ سیفٹی ٹیموں کے آپریشنز بلا تعطل جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے