سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف مدثر رتو)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی زیرِ صدارت محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لائسنس ہولڈرز و منتظمین کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان، سیکیورٹی انتظامات اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم بشیر، ایڈیشنل ایس پی حسیب، کوآرڈینیٹر ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر چیمہ، انچارج سیکیورٹی برانچ حافظ محمد سعید، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، امن کمیٹی کے اراکین، لائسنس ہولڈرز اور مجالس و جلوسوں کے منتظمین نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام ضلعی انتظامیہ اور شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جلوسوں اور مجالس کے تمام روٹس پر پیچ ورک، اسٹریٹ لائٹس، صفائی ستھرائی، سینی ٹیشن، نکاسی آب اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کی طرح رواں سال بھی حکومت کی جانب سے سبیلوں کا اہتمام کیا جائے گا اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ فرائض انجام دیں گے۔
اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے کہا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کے منتظمین مقررہ قواعد و ضوابط اور اوقات کار کی مکمل پابندی کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران کسی نئے جلوس، مجلس یا ایونٹ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تمام پروگرام روایتی شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں داخلے پر پابندی یا زبان بندی کے احکامات رکھنے والے افراد کو کسی بھی مجلس یا جلوس میں مدعو نہ کیا جائے۔ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز، اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والے مواد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
ڈی پی او نے بتایا کہ ضلع بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ تمام مجالس اور جلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ لازمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 160 امام بارگاہوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مکمل فعالیت یقینی بنائی جائے گی اور داخلی و خارجی راستوں کی مؤثر نگرانی کی جائے گی۔ غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ سبیلوں کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ عوامی خدمت کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سبیلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
اجلاس میں بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے "امن کا کارواں” نکالنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جس میں ضلعی امن کمیٹی اور مختلف مکاتب فکر کے نمائندگان شریک ہوں گے۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے ضلع سیالکوٹ میں محرم الحرام کے دوران امن، رواداری، مذہبی ہم آہنگی اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔