اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر)اوکاڑہ میں کھیلوں کے فروغ کے لیے دیپالپور چوک اوور ہیڈ برج کے نیچے قائم کیے گئے سپورٹس ایرینا کا افتتاح کر دیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی، اسسٹنٹ کمشنر مرزا راحیل بیگ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عمر نسیم اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد اشفاق نے شرکت کی۔
ایم پی اے میاں محمد منیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے بھر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور مختلف شہروں میں اوور ہیڈ برجز کے نیچے سپورٹس ایرینا قائم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ ملے گا جبکہ بیڈمنٹن اور والی بال سمیت مختلف کھیلوں کے لیے بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی نے بتایا کہ اوور ہیڈ برج کے نیچے موجود کوڑے کے ڈھیروں کو ختم کرکے اس جگہ کو سپورٹس ایرینا میں تبدیل کیا گیا ہے، جبکہ اسی نوعیت کے مزید دو سپورٹس ایرینا بھی جلد قائم کیے جائیں گے۔