اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/حبیب خان کی رپورٹ) تھانہ اوچ شریف پولیس نے 15 ہیلپ لائن پر مبینہ ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے ذاتی لین دین کے تنازع سے بچنے اور قرض خواہوں کو گمراہ کرنے کے لیے ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا تھا۔
تفصیلات کے مطابق محمد اکبر ولد خادم حسین قوم بھٹی سکنہ موضع دھوڑ کوٹ نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے اطلاع دی کہ وہ میزان بینک سے 16 لاکھ روپے نکلوا کر واپس جا رہا تھا کہ حلیم پور کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار 6 نامعلوم مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر اس سے رقم چھین لی اور تشدد کا نشانہ بنا کر فرار ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ اوچ شریف پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کیا۔ ابتدائی تحقیقات اور مزید چھان بین کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مبینہ ڈکیتی کی کوئی واردات پیش ہی نہیں آئی تھی بلکہ ملزم نے اپنے ذاتی مالی معاملات اور لوگوں کی رقم کی ادائیگی سے بچنے کے لیے جھوٹی کہانی گھڑی تھی۔
یہ خبر بھی پڑھیں
اوچ شریف: 16 لاکھ روپے کی ڈکیتی، شہری زخمی
پولیس حکام کے مطابق جھوٹی اطلاع کی وجہ سے نہ صرف پولیس کے قیمتی وسائل اور وقت کا ضیاع ہوا بلکہ علاقے میں خوف و ہراس بھی پھیلا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف دفعہ 182 تعزیراتِ پاکستان اور 25D ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب علاقہ مکینوں نے پولیس کی اس فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹی اطلاعات دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے تاکہ آئندہ کوئی شخص ریاستی اداروں کو گمراہ کرنے کی جرات نہ کر سکے۔
مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت
QNN WORLD