میہڑ اور گردونواح میں طوفانی بارش اور آندھی کی تباہی، ایک شخص جاں بحق، خواتین و بچوں سمیت 9 افراد زخمی

میہڑ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار منظور علی جوئیہ) میہڑ اور گردونواح کے علاقوں میں تیز آندھی اور طوفانی بارش نے شدید تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات کے دوران ایک شخص جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق متعدد افسوسناک واقعات کے بعد تحصیل ہسپتال میہڑ میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

میہڑ شہر اور مضافات میں تیز طوفان اور موسلا دھار بارش کے باعث مکانات کی چھتیں، دیواریں اور سولر پلیٹیں گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے۔ گاؤں بالی شاہ میں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے ہوئے میہڑ کے رہائشی رفیق کنبھر کمرے کی دیوار گرنے کے باعث ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کا بیٹا توفیق کنبھر اور فاروق سولنگی شدید زخمی ہوئے۔

گاؤں سوبھو مگسی میں بھی گھر کی دیوار گرنے سے خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوئے جن میں اشفاق چنو اور ان کی اہلیہ شامل ہیں۔ ادھر رادھن کے مختلف محلوں میں تیز ہواؤں کے باعث سولر پلیٹیں اڑ کر گرنے سے 7 سالہ بچی انعم بھنڈ، فیروز کھیڑو اور حسین گوپانگ شدید زخمی ہوئے۔ ایاز کالونی میں منظور نوناری کے گھر کی چھت اور دیوار گر گئی، تاہم خوش قسمتی سے اہلِ خانہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

طوفان کے باعث جاں بحق ہونے والے معصوم نوجوان کی نعش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے، جس کے گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ دوسری جانب تحصیل ہسپتال کے ڈاکٹروں نے تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت کے پیشِ نظر لاڑکانہ ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے