گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی شہر میں سیوریج کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، جس کے باعث سڑکیں اور گلیاں گندے پانی کے جوہڑ اور دریا کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ سڑکوں اور گلیوں میں سیوریج کا گندہ پانی ٹھاٹھیں مار رہا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کا پیدل چلنا بھی انتہائی دشوار ہو گیا ہے اور بالخصوص نمازیوں کے لیے مساجد آمد و رفت کے دوران اپنے کپڑے پاک رکھنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
دوسری طرف شہر میں گندگی اور کچرے کے بھی جابجا انبار لگ گئے ہیں۔ گھوٹکی کے شہریوں نے میونسپل کمیٹی کے حکام سے پُرزور اپیل کی ہے کہ شہر میں جمع ہونے والے کچرے اور گندگی کو فوری طور پر صاف کر کے شہر سے باہر منتقل کیا جائے۔ مختلف محلوں اور رہائشی علاقوں میں کچرے کے ڈھیر لگنے کے باعث ہر طرف شدید بدبو پھیل رہی ہے، جس سے نہ صرف ماحول آلودہ ہو رہا ہے بلکہ علاقے میں مختلف وبائی بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی سنگین حد تک بڑھ گیا ہے۔
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ صفائی اور نکاسی آب کے ناقص ترین انتظامات کی وجہ سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور عوام کو شدید ذہنی و جسمانی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے کہ گھوٹکی میں صفائی کے نظام کو مؤثر بنایا جائے، سیوریج لائنوں کی درستگی کی جائے اور باقاعدگی کے ساتھ کچرا اٹھانے کا عمل یقینی بنایا جائے تاکہ شہر کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔