قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی زیر صدارت ضلع بھر میں جاری بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایکسئن پبلک ہیلتھ و ڈپٹی ایم ڈی واسا قصور سلیم اختر اور ایم او آئی میونسپل کمیٹی قصور مس ملائکہ سمیت متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ترقیاتی و تزیین و آرائش کے کاموں کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ لی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے منیر شہید کالونی میں پارک کی خوبصورتی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے جاری کاموں کا معائنہ کیا، جبکہ چونیاں اور مصطفی آباد میں عوامی پارکس کی تزئین و آرائش اور وہاں گرینری بڑھانے کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ شہباز خاں روڈ کی بیوٹیفکیشن اور اسے ماڈل روڈ بنانے کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام پراجیکٹس کو مقررہ وقت کے اندر اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور وہ خود ان منصوبوں کی مانیٹرنگ کریں گے تاکہ شہریوں کو خوبصورت اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں نالوں کی صفائی کے کام کو بھی مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی سختی سے ہدایت کی گئی تاکہ نکاسی آب کا نظام متاثر نہ ہو۔ مزید برآں، ڈی سی نے متعلقہ افسران کو عوامی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے آوارہ کتوں کے خطرے کو ختم کرنے کا حکم دیا تاکہ عوام بالخصوص بچے محفوظ رہ سکیں۔