پاکستان کی ثالثی سے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں کامیاب ہونے کا دعویٰ

واشنگٹن (کیو این این ورلڈ) ایک امریکی ٹی وی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی عسکری قیادت نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں اور مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے میں اہم اور کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سید عاصم منیر کے حالیہ دورۂ تہران نے مذاکراتی عمل کو حتمی نتیجے تک پہنچانے میں مدد دی۔ امریکی ٹی وی کا کہنا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں جہاں خلیجی ممالک اور لبنان بھی کشیدگی سے متاثر ہیں، پاکستان واحد ملک ہے جو فریقین کے درمیان مسودے کو حتمی شکل دینے میں کامیاب ہوا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایران میں اعلیٰ قیادت، بشمول صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقاتوں کے بعد ایک مجوزہ سفارتی مسودہ ایران اور امریکا کی قیادت کو غور کے لیے بھیجا گیا۔

امریکی ٹی وی کے مطابق پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان ہم آہنگی نے اس ثالثی عمل کو مؤثر بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ امریکا اور ایران دونوں فریقین کو پاکستانی کردار پر اعتماد حاصل ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ماضی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مثبت انداز میں یاد کیا اور انہیں “پسندیدہ فیلڈ مارشل” قرار دیا تھا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان ماضی میں بھی امریکا اور چین جیسے بڑے ممالک کے درمیان سفارتی روابط میں سہولت کاری کا کردار ادا کرتا رہا ہے، اور حالیہ پیش رفت اسی تسلسل کی ایک کڑی ہے۔

تاہم آزاد ذرائع سے اس رپورٹ کی فوری تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ سفارتی ماہرین کے مطابق ایسے دعووں کے اثرات خطے کی مجموعی صورتحال پر اہم سیاسی اور سفارتی نتائج مرتب کر سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے