میہڑ (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار منظور علی جوئیہ) تھرڑی محبت تھانے کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ تھرڑی محبت لنک روڈ پر بٹ سرائی اسٹاپ کے قریب پیش آیا، جہاں گشت پر مامور پولیس اہلکاروں اور مبینہ ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے تبادلے میں ایک مسلح ملزم صدام بھٹو زخمی ہو گیا جسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق حیدرآباد سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور بھاری مقدار میں گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔
زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران فرار ہونے والے دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن اور چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ تھانے میں درج نہیں کیا گیا تھا جبکہ پولیس حکام نے کہا ہے کہ تفتیش جاری ہے اور جلد مزید پیش رفت سامنے آئے گی۔