اوکاڑہ مویشی منڈی میں سخت انتظامی اقدامات

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اوکاڑہ احمد سلیم چشتی نے مقامی مویشی منڈی کا تفصیلی دورہ کیا اور بیوپاریوں و خریداروں کے لیے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے منڈی کے داخلی و خارجی راستوں، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، لائٹنگ سسٹم اور مجموعی سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔

انہوں نے موقع پر موجود عملے کو ہدایت کی کہ گرمی کی شدت کے پیش نظر خریداروں اور بیوپاریوں کے لیے سایہ دار جگہوں اور ٹھنڈے پانی کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت دی کہ منڈی کی طرف آنے والے تمام راستوں پر مٹی اور گرد و غبار سے بچاؤ کے لیے باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے تاکہ آمد و رفت بہتر اور ماحول صاف ستھرا رہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مویشی منڈی میں کسی بھی صورت ناجائز منافع خوری یا بیوپاریوں سے اضافی فیسوں کی وصولی برداشت نہیں کی جائے گی۔ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عملے کو بھی متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی۔

احمد سلیم چشتی نے کہا کہ عوامی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عیدالاضحیٰ تک مویشی منڈی میں سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے