دیپالپور لاری اڈہ: اسسٹنٹ کمشنر کی ٹرانسپورٹ چیکنگ، اوورچارجنگ پر سخت کارروائی کی وارننگ

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر) دیپالپور میں اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ نے عوامی سہولت کے پیش نظر لاری اڈہ میں پبلک ٹرانسپورٹ کی اچانک چیکنگ کی۔ اس دوران انہوں نے مختلف روٹس پر چلنے والی گاڑیوں، فٹنس سرٹیفکیٹس اور کرایہ ناموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر موجود مسافروں سے براہ راست ملاقات کی اور ٹرانسپورٹرز کی جانب سے وصول کیے جانے والے کرایوں سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کرایہ ناموں پر عملدرآمد اور اوورلوڈنگ کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

فیصل شہزاد چیمہ نے ٹرانسپورٹ انتظامیہ اور اڈا مالکان کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر مقررہ کرایوں سے ایک روپیہ بھی زائد وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اوورچارجنگ یا اوورلوڈنگ میں ملوث گاڑیوں کا روٹ پرمٹ منسوخ کر کے انہیں فوری طور پر بند کر دیا جائے گا جبکہ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

انہوں نے لاری اڈا انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کرایہ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کیے جائیں تاکہ مسافر کسی بھی ممکنہ لوٹ مار سے محفوظ رہ سکیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ مسافروں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ اڈا انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے