صدر ٹرمپ کی امن کوششیں قابلِ ستائش، پاکستان خطے میں پائیدار امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے خطے میں امن کے قیام کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے ایکس (ٹوئٹر) پر ٹویٹ کی ہے جس میں انہوں نے لکھا کہ  کہ پاکستان پائیدار امن کے فروغ کیلئے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی ٹویٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کے فروغ کیلئے ان کی غیرمعمولی کوششوں اور آج سعودی عرب، قطر، ترکیہ، مصر، متحدہ عرب امارات، اردن اور پاکستان کی قیادت کے ساتھ ہونے والی نہایت مفید اور نتیجہ خیز ٹیلیفونک گفتگو پر مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس اہم ٹیلیفونک رابطے میں پاکستان کی نمائندگی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی اور وہ پورے عمل کے دوران ان کی انتھک کاوشوں کو بے حد سراہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس گفتگو نے خطے کی موجودہ صورتحال اور جاری امن کوششوں کو آگے بڑھانے کیلئے مختلف ممالک کے رہنماؤں کو تبادلۂ خیال کا مؤثر موقع فراہم کیا، تاکہ خطے میں دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان پوری سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ امن کی کوششوں میں اپنا کردار جاری رکھے گا، جبکہ امید ہے کہ مذاکرات کا اگلا دور بہت جلد پاکستان میں منعقد ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے