بنوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا آپریشن، 15 خوارجی دہشتگرد ہلاک

بنوں (کیو این این ورلڈ) بنوں میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 15 خوارجی دہشتگرد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک ریٹائرڈ ایف سی اہلکار شہید جبکہ 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

سینٹرل پولیس آفس کے مطابق تھانہ میریان کی حدود میں صبح سویرے پولیس اور سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں متعدد دہشتگرد مارے گئے۔

پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے جدید ڈرون اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 10 کلوگرام وزنی دیسی ساختہ بم بھی برآمد ہوا جسے موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔

دوسری جانب آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج اور امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فرنٹ لائن پر کھڑی ہے اور دشمن کے ہر حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے