ڈپٹی کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں تقریب؛ صفائی ورکرز میں نئی یونیفارمز، مٹھائی اور ویسٹ بیگز تقسیم

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دور اندیش ویژن “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت عید الاضحیٰ کی تیاریوں اور صفائی کے خصوصی انتظامات کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں ایک انتہائی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسد چانڈیہ، اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان، ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی شکیب سرور، چیف آفیسر ضلع کونسل جواد الحسن گوندل، تحصیل منیجر ڈی ڈبلیو ایم سی عمر مجتبیٰ لغاری، ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ڈویژنل کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی، ریجنل منیجر ایڈمن محمد عمران، تحصیل منیجر مظہر منصور، پی آر او جواد اکبر اور اے ایم او محمد اویس سمیت دیگر اعلیٰ ضلعی و بلدیاتی افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر عید الاضحیٰ کے دوران صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید مؤثر، متحرک اور شاندار بنانے کے لیے فیلڈ میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے صفائی ورکرز میں نئی یونیفارمز، ویسٹ بیگز اور مٹھائی کے ڈبے تقسیم کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر عثمان خالد نے تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ مسلمانوں کا ایک عظیم اور مقدس مذہبی تہوار ہے جس میں ہم سنتِ ابراہیمی ادا کرتے ہیں، اس مبارک موقع کے پیش نظر حکومت پنجاب اور ستھرا پنجاب پروگرام کی جانب سے ضلع بھر میں صفائی کے غیر معمولی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پہلے بھی بہترین کام کر رہا ہے جس کی مثال گزشتہ عیدین میں دیکھی گئی، اب بھی عید پر تمام اہم شاہراہوں اور گنجان علاقوں میں فینائل، عطرِ گلاب اور چونے کا بڑے پیمانے پر چھڑکاؤ کیا جائے گا تاکہ صفائی کے ساتھ خوشگوار ماحول کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پورے ضلع میں قربانی کے جانوروں اور آلائشوں کے حوالے سے جامع سروے مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے مطابق ہر حساس علاقے میں ستھرا پنجاب ایجنسی کے ساتھ مل کر ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی طرف سے خصوصی مینجمنٹ پلان کے تحت انتظامات کیے جائیں گے۔ شہریوں سے پرزور اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قربانی کی آلائشیں اور فضلہ گلیوں یا کھلی جگہوں پر پھینکنے کے بجائے ستھرا پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ ویسٹ بیگز میں ڈالیں، ان بیگز کو مقررہ مقامات سے اٹھانے کے لیے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ورکرز اور گاڑیاں ہمہ وقت تیار رہیں گی تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے خطے میں جاری شدید گرمی اور لو کے پیش نظر صفائی ورکرز کو سخت تاکید کی کہ وہ دورانِ ڈیوٹی صحت کا خاص خیال رکھیں، اپنے ساتھ پینے کا پانی لازمی رکھیں اور اس کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں تاکہ ہیٹ ویو کے مضر اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔ تقریب کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے میڈیا نمائندگان سے بھی پرزور اپیل کی گئی کہ وہ عید کے ان دنوں میں عوام الناس میں صفائی، احتیاط اور شہری ذمہ داری کے اس اہم ترین پیغام کو بھرپور انداز میں پہنچانے میں اپنا مثبت اور صحافتی کردار ادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے