رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ) رینالہ خورد اور اس کے گردونواح میں تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث پیش آنے والے دو مختلف سڑک حادثات میں لوڈر رکشہ ڈرائیور اور موٹر سائیکل سوار سمیت دو افراد موقع پر ہی تڑپ تڑپ کر جاں بحق ہو گئے۔ مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر دونوں حادثات میں جاں بحق ہونے والے متوفیان کی لاشوں کو قبضے میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے بعد سوگوار ورثاء کے حوالے کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلا ہولناک حادثہ چوچک روڈ پر چک نمبر 4 ون آر اے کے قریب اس وقت پیش آیا جب آگے جانے والی تیز رفتار مسافر بس کے ڈرائیور نے اچانک غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بریک لگا دی، جس کے نتیجے میں عقب سے آنے والا وہاب ٹاؤن کا رہائشی 60 سالہ بزرگ لوڈر رکشہ ڈرائیور اپنے رکشے سمیت بے قابو ہو کر بس کے پیچھے جا ٹکرایا اور شدید چوٹیں آنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ دوسرا حادثہ نہر لوئر باری دوآب کے کنارے گورنمنٹ ڈگری کالج بوائز کے قریب پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار موٹر سائیکل سوار کو نامعلوم گاڑی نے زوردار ٹکر مار دی، ٹکر اتنی شدید تھی کہ موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ نامعلوم گاڑی کا ڈرائیور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ریسکیو اور پولیس نے دونوں لاشیں ہسپتال منتقل کیں جہاں پوسٹ مارٹم اور ضروری کاغذی کارروائی کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں، جنہیں گھر پہنچانے پر علاقوں میں کہرام مچ گیا۔