ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر کارروائی؛ رینالہ خورد میں ملاوٹی دودھ کا کلیکشن سنٹر سیل

رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ) ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی خصوصی ہدایت پر ملاوٹ مافیا کے خلاف فوڈ سیفٹی ٹیموں کی بلاامتیاز کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے رینالہ خورد کے نواحی علاقے ٹھٹھہ سید علی میں ایک معروف ملک کلیکشن سنٹر پر اچانک چھاپہ مارا، جہاں جدید لیبارٹری ٹیسٹ کے دوران دودھ کے سیمپل فیل ہونے پر کلیکشن سنٹر کو فوری طور پر بند کر کے کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ذرائع کے مطابق چیکنگ کے دوران برآمد ہونے والے دودھ میں کیمیکلز کی ملاوٹ اور قدرتی غذائیت کی شدید کمی پائی گئی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے 400 لیٹر سے زائد ملاوٹی دودھ کو موقع پر ہی قبضے میں لے کر ضائع کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یہ ملاوٹ شدہ اور مضرِ صحت دودھ شہر بھر کی مختلف دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا جسے بروقت کارروائی کر کے روک دیا گیا ہے۔ فوڈ قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرنے پر سنٹر مالک کے خلاف تھانہ چوچک میں باقاعدہ مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے، انہوں نے عزم دہرایا کہ دودھ جیسے بنیادی رزق میں ملاوٹ اور جعل سازی کرنے والوں کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے