دکی (کیو این این ورلڈ) بلوچستان کے ضلع دکی میں پتھر ٹاپ ایریا کے مقام پر کوئلے کی کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے پھنسے مزدوروں کو نکالنے کے لیے جاری رہنے والا طویل ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، کان میں پھنسے 6 کان کنوں میں سے 5 کو معجزاتی طور پر زندہ نکال لیا گیا جبکہ ایک کان کن کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف مائینز کے مطابق گزشتہ رات کوئلے کی کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے 6 کان کن اندر پھنس گئے تھے جنہیں بچانے کے لیے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں
دکی : کوئلے کی کان میں تودہ گرنے سے 6 کان کن 3 ہزار فٹ گہرائی میں پھنس گئے
ذرائع کے مطابق یہ ہولناک واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب کان کن زمین دوز تقریباً 3 ہزار فٹ کی شدید گہرائی میں روٹین کا کام کر رہے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مائنز ریسکیو اور مقامی انتظامیہ نے آپریشن کا آغاز کیا اور 14 گھنٹے کی مسلسل اور انتہائی کٹھن جدوجہد کے بعد پہلے ایک کان کن کو زندہ نکالا گیا، جس کے بعد ریسکیو کی مزید ٹیمیں طلب کر کے آپریشن کو تیز کیا گیا اور واقعے کے 20 گھنٹے بعد مزید 4 کان کنوں کو بھی بحفاظت نکال لیا گیا۔ حکام کے مطابق آپریشن کے آخری مراحل میں چھٹے کان کن کی لاش نکال لی گئی ہے جس کے بعد ریسکیو آپریشن باقاعدہ مکمل کر کے لاش اور متاثرہ مزدوروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔