دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قومی قوت کے ساتھ جاری رہے گی: فیلڈ مارشل

راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عزمِ نو کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قومی قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو عسکری اعزازات دینے کی ایک پروقار تقریبِ تقسیمِ اسناد منعقد ہوئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے آپریشنز کے دوران غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے اور ملک کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دینے کے اعتراف میں شہداء کے اہلِ خانہ، افسران اور جوانوں کو عسکری اعزازات سے نوازا۔

اس پروقار عسکری تقریب کے دوران مجموعی طور پر 50 ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور 12 تمغۂ بسالت عطا کیے گئے، جبکہ بعد از شہادت دیے جانے والے تمغے شہداء کے باوقار اہلِ خانہ نے وصول کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہداء اور غازی قوم کا دائمی فخر ہیں، جن کی عزت اور بے مثال قربانی ہر پاکستانی کے لیے ایک مقدس امانت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمارے پیارے وطن کا امن اور سلامتی انہی عظیم شہداء کی قربانیوں اور فرض سے بے لوث وابستگی کا مرہونِ منت ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کڑے وقت میں شہداء کے اہلِ خانہ کی استقامت، وقار اور ثابت قدمی کو بھی سراہا اور وطنِ عزیز کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی آپریشنل تیاریوں، انتھک محنت اور غیر متزلزل عزم کی تعریف کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف ان کی مسلسل کوششوں کو سراہا، اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک بھر میں پائیدار امن اور مکمل استحکام کے حصول تک دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ پوری قومی طاقت اور یکسوئی کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے