ٹھٹھہ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) ایس ایس پی ٹھٹھہ ساجد امیر سدوزئی کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں گٹکا، ماوا اور منشیات فروش عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایس ڈی پی او گاڑہو ڈی ایس پی عبدالرؤف نوھڑیو کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ گاڑہو سب انسپکٹر اسد الٰہی اعوان نے پولیس اسٹاف کے ہمراہ تھانہ گاڑہو کی حدود گاؤں لعل خان رند میں بدنامِ زمانہ گٹکا مٹیریل فروش ملزم خالد علی رند کے خفیہ گودام پر اچانک چھاپہ مار کر ایک بڑی اور کامیاب کارروائی سرانجام دی ہے۔
کارروائی کے دوران پولیس نے گودام سے بھاری مقدار میں 200 کٹے (مجموعی وزن 2000 کلو) ممنوعہ گٹکا مٹیریل اور تیار شدہ گٹکا ماوا کی 1000 پڑیاں برآمد کر لیں، تاہم چھاپے کے دوران موقع پر موجود 4 ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے تمام برآمد شدہ مضرِ صحت سامان کو فوری طور پر ضبط کر لیا ہے۔
ترجمان ٹھٹہ پولیس کے مطابق مفرور اور نامزد ملزمان کے خلاف تھانہ گاڑہو پر گٹکا ایکٹ کے تحت باقاعدہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ٹھٹھہ پولیس منشیات اور گٹکا ماوا جیسے مکروہ و مضرِ صحت کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ نوجوان نسل کو اس ناسور سے ہر صورت محفوظ بنایا جا سکے۔