پشاور (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) حکومتِ پاکستان نے اباسین کالمسٹ ایسوسی ایشن کے صدر، سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو ممبر، ریلوے کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین اور ممتاز کاروباری، سماجی و صحافتی شخصیت ضیاء الحق سرحدی کو ملک و قوم کے لیے شاندار اور بے لوث خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ ترین سول اعزاز “ستارۂ امتیاز” سے نوازا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ ایک پروقار و خصوصی تقریب کے دوران انہیں یہ مایہ ناز اعزاز پیش کیا۔ واضح رہے کہ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے تاریخی موقع پر ضیاء الحق سرحدی کے لیے اس اعلیٰ سول اعزاز کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔
ضیاء الحق سرحدی گزشتہ کئی دہائیوں سے تجارت، صحافت، سماجی خدمات اور پاک افغان تجارتی تعلقات کے فروغ میں انتہائی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور قومی سطح پر ایک بااثر کاروباری، سماجی اور فکری شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ وہ ایک معروف سینئر کالم نگار اور تجزیہ کار بھی ہیں جنہوں نے 1980 میں باقاعدہ کالم نویسی کا آغاز کیا، جبکہ روزنامہ “آج” میں ان کا مشہور کالم “یقینِ محکم” ملک بھر کے ادبی و صحافتی حلقوں میں بے حد مقبول ہوا۔ انہوں نے ملکی معیشت، تجارت، بین الاقوامی تعلقات، پاک افغان امور اور اہم سماجی مسائل پر ہزاروں کالم تحریر کیے جو ملکی و غیر ملکی اخبارات اور نامور جرائد میں مستقل شائع ہوئے۔
صحافتی محاذ پر انہوں نے اپنی مادری زبان ہندکو میں بھی متعدد کالم لکھے، جبکہ پاکستان ٹیلی ویژن (PTV) اور دیگر نجی ٹی وی چینلز کے پروگراموں میں معاشی ماہر اور سینئر تجزیہ کار کے طور پر بھی شرکت کرتے رہے ہیں۔ تصوف کے موضوع پر ان کی مایہ ناز کتاب “روشنی کے سفیر” شائع ہو کر دادِ تحسین حاصل کر چکی ہے، جبکہ ان کے کالموں کے متعدد مجموعے بھی کتابی شکل میں منظر عام پر آ چکے ہیں۔ تجارتی میدان میں ضیاء الحق سرحدی پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بانی رہنماؤں میں شامل ہیں اور دو مرتبہ اس کے سینئر نائب صدر رہ چکے ہیں، جبکہ تاحال وہ سینئر نائب صدر کے طور پر ہی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ سرحد چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر اور پاکستان ریلوے/ڈرائی پورٹ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں۔
انہوں نے پاک افغان تجارت، ریلوے اور کسٹمز کے شعبوں میں گراں قدر اور نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں۔ نوشہرہ میں جدید ازاخیل ڈرائی پورٹ کے قیام کے لیے ان کی طویل اور انتھک جدوجہد کو ملک بھر کی کاروباری برادری ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، کیونکہ ان کی کوششوں سے قائم ہونے والا یہ عظیم منصوبہ خیبرپختونخوا کی تجارتی برادری کے لیے ایک بہت بڑی سہولت ثابت ہوا ہے۔ ضیاء الحق سرحدی گزشتہ پچاس برس سے کسٹمز کلیئرنگ، فارورڈنگ، شپنگ اور درآمدات و برآمدات کے شعبوں سے وابستہ ہیں اور ان کی انہی بے مثال خدمات کے اعتراف میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) نے رواں سال “عالمی یومِ کسٹمز” کے موقع پر انہیں “فادر آف کسٹمز” کے معزز خطاب سے بھی نوازا تھا۔ انہوں نے چین، ایران، افغانستان اور بھارت کے مطالعاتی دورے بھی مختلف قومی و بین الاقوامی وفود کے ہمراہ کیے اور پاک چین، پاک افغان اور پاک ایران تجارتی تعلقات کے فروغ میں ہمیشہ ایک پل کا کردار ادا کیا ہے۔