کوئٹہ(کیو این این ورلڈ) بلوچستان حکومت کے مطابق منگلہ زرغون غر میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 35 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد ٹھکانے تباہ اور اہم کمانڈرز گرفتار کر لیے گئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے بتایا کہ 13 مئی سے جاری آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں، جن میں بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا گیا ہے۔
ان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے متعدد کیمپس اور ٹھکانے تباہ کر دیے ہیں، جس سے ان کے نیٹ ورک کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔
شاہد رند نے بتایا کہ آپریشن کے دوران تنظیم کے تین اہم کمانڈرز کو گرفتار بھی کیا گیا ہے جن سے اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں، اور انہی معلومات کی بنیاد پر مزید کارروائیاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور پشت پناہی کرنے والے عناصر کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، جبکہ ریاست دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کے بیرونی آقاؤں کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا، اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور مشکوک عناصر کی اطلاع فوری طور پر دیں۔
واضح رہے کہ مختلف ممالک نے مذکورہ تنظیم کو دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے۔