قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو) قادر آباد کے علاقے میں طلاق کے دیرینہ تنازع پر سفاک شوہر نے بے رحمی کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے اپنی بیوی کی شہ رگ کاٹ کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق مقتولہ کا اپنے شوہر ملزم احمد عمر کے ساتھ طلاق کے معاملے پر کافی عرصے سے شدید تنازع چل رہا تھا، جس کی رنجش دل میں لیے ملزم نے انتہائی خوفناک قدم اٹھایا۔
واقعے کے روز ملزم احمد عمر نے زبردستی گھر میں گھس کر اپنی بیوی پر چاقو سے حملہ کیا اور تیز دھار چھری سے اس کی شہ رگ کاٹ دی، جس کے نتیجے میں زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے وہ موقع پر ہی تڑپ تڑپ کر دم توڑ گئی۔ ہولناک قتل کی واردات کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ صدر قصور کی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے کرائم سین کو سیل کر کے فرانزک ٹیموں کی مدد سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کیے اور قانونی کارروائی و پوسٹ مارٹم کے لیے مقتولہ کی لاش کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مفرور ملزم احمد عمر کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد ہی قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔