گوجر خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تاجر بھائی سمیت جاں بحق

گوجر خان (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان میں تھانہ کی حدود میں امن و امان کی صورتحال اس وقت مخدوش ہو گئی جب نامعلوم افراد نے دن دیہاڑے اندھا دھند فائرنگ کر کے دو سگے بھائیوں کو بیدردی سے قتل کر دیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ ہولناک واقعہ گوجر خان کے مصروف ترین علاقے ریلوے روڈ پر پیش آیا، جہاں پہلے سے گھات لگائے نامعلوم مسلح ملزمان نے تاجروں کو دیکھتے ہی ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کی زد میں آ کر رہنما انجمن تاجران ملک محبوب اور ان کے سگے بھائی موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے کرائم سین کو سیل کر کے فرانزک ٹیموں کی مدد سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کیے اور اپنی نگرانی میں مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے لیے مقامی اسپتال منتقل کرائیں۔ تاجر رہنما کی سرِعام ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی علاقے کے تاجروں اور شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور کاروباری حلقوں نے سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

تفتیشی افسر کا اس افسوسناک واقعے کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر قتل کی اصل وجوہات اور محرکات معلوم نہیں ہو سکے ہیں۔ تاہم پولیس نے مقتولین کے خاندانی پس منظر، کسی ممکنہ دشمنی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مختلف زاویوں پر تفصیلی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے