کراچی (کیو این این ورلڈ) مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو منائی جائے گی۔
رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا، جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں اپنے اپنے صوبائی ہیڈکوارٹرز میں ہوئے۔
اجلاس کے بعد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چاند نظر آنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ملک بھر میں عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو ہوگی۔
اس سے قبل چیئرمین کمیٹی نے کہا تھا کہ زونل کمیٹیوں سے مسلسل رابطے میں ہیں اور جیسے ہی معتبر شہادتیں موصول ہوں گی، چاند کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔ ان کے مطابق کراچی میں مطلع صاف تھا اور چاند نظر آنے کے قوی امکانات موجود تھے۔
دوسری جانب پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے اپنی پیشگوئی میں کہا تھا کہ ذوالحجہ 1447 ہجری کے چاند کی رویت کے امکانات 17 مئی 2026 کی شام زیادہ روشن ہیں، جبکہ فلکیاتی حسابات کے مطابق یکم ذوالحجہ 18 مئی 2026 متوقع ہے۔
سپارکو نے واضح کیا کہ حتمی فیصلہ ہمیشہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرتی ہے جو ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں کی بنیاد پر اسلامی مہینوں کے آغاز کا اعلان کرتی ہے۔